15 جون ، 2013
لاہور…لاہورمیں ایل ڈی اے کی ٹیم نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران ایک مکان کی بالکونی توڑ دی،لوگوں کے احتجاج کے باعث ٹیم تو واپس چلی گئی مگرٹوٹی بالکونی سے 6سال کا بچہ زمین پر آگرا،بچے کواسپتال منتقل کر دیا گیا،جہاں اس کی حالت تسلی بخش ہے۔ایل ڈی اے کی ٹیم اپنے بلڈوزراورکرینیں لے کر دن11بجے فیروزپور روڈ پر ایل او ایس کے نزدیک واقع کچی آبادی میں تجاوزات گرانے پہنچی۔ ٹیم نے بلڈوزرچلا کر چند دیواریں اورشیڈ گرادیئے،مقامی لوگ آپریشن کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے گھروں سے باہرنکل آئے۔ صورت حال بگڑتی دیکھ کر ایل ڈی اے کی ٹیم تو واپس چلی گئی،مگر ایک مکان کی توڑی گئی بالکونی سے6سالہ بچہ امین الرحمان نیچے آگرا،اینٹوں پرگرنے کی وجہ سے بچے کے سر سے خون بہنے لگا۔ بچے کو فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت تسلی بخش ہے۔