17 جون ، 2013
کراچی…وائس چیئرمین سندھ بار کونسل محمد عاقل ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ وکلاء کو تحفظ فراہم کیاجائے اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے وکلاء کے قتل کی تحقیقات روایتی انداز کے بجائے دُرست سمت میں کی جائے۔کراچی میں وکلا کے قتل اور ان کی تحقیقات کے سلسلے میں اعلیٰ پولیس افسران کے ہمراہ منعقد اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ بار کونسل کے وائس چیئر میں محمدعاقل لودھی اور کونسل کے رکن محمود الحسن نے کہا کہ کراچی میں وکلا ہی نہیں بلکہ تمام شہریوں کے قتل کی روک تھام کے اقدامات کیے جانے چاہئیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی اقبال محمود نے میڈیا کو بتایا کہ ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والے اٹھارہ وکلا ء میں سے 10واقعات کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جبکہ کوثر ثقلین ایڈووکیٹ کے قاتلوں کو گرفتار کرلیاگیاہے۔