20 جون ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ حق پرستی کی تحریک کو ظلم وجبر اور سازشوں سے ختم نہیں کیاجاسکتا، حق پرست کارکنان و عوام نے ہرکڑے اور آزمائش کے موقع پر اپنے اتحاد سے ثابت کردیا ہے کہ وہ ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر اور نواب شاہ میں جاری عوامی ریفرنڈم میں مصروف ایم کیوایم کے ذمہ داران اور کارکنان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داران سے سندھ حکومت میں شمولیت کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں ہونے والے عوامی ریفرنڈم کی تفصیلات معلوم کیں اور اس سلسلے میں مصروف ذمہ داروں اورکارکنوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پرایم کیوایم کے ذمہ داران نے الطاف حسین کو بتایا کہ عوامی ریفرنڈم کے سلسلے میں کارکنان وعوام میں زبردست جوش وخروش پایا جارہا ہے اورلوگ طویل قطاروں میں لگ کر سندھ حکومت میں شمولیت اختیارکرنے یا نہ کرنے کے بارے میں اپنی رائے کا اظہارکررہے ہیں۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ ایم کیوایم ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ اورغریب ومتوسط طبقے کی حکمرانی قائم کرنا چاہتی ہے، حق پرستی کی اس جدوجہد میں ایم کیوایم کے ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور ہزاروں کارکنان نے قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ اس تحریک میں جہاں نوجوان کارکنان نے قربانیاں دیں وہیں بزرگوں اورماوٴں بہنوں نے بھی حق پرستی کی جدوجہد میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم ایک عوامی تحریک ہے اور اس تحریک کی بنیادوں میں حق پرست شہداء کا مقدس لہو شامل ہے جو سازشی عناصر حق پرستی کی اس تحریک کے خاتمے کا خواب دیکھ رہے تھے ، ایم کیوایم کے کارکنان وعوام نے اپنے مثالی اتحاد کامظاہرہ کرکے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا کہ حق پرستی کی تحریک کو ظلم وجبر اور سازشوں سے ختم نہیں کیاجاسکتا،ایم کیوایم ملک بھرکے مظلوم عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور اس تنظیم کو چند افراد کی جاگیرنہیں بننے دیاجائے گا۔الطا ف حسین نے کہاکہ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ سندھ بھر میں عام انتخابات کے دوران ایم کیوایم کے کارکنان اور حق پرست عوامی نمائندوں کے پولنگ ایجنٹوں کوکس طرح بہیمانہ تشدد کانشانہ بنایا گیالیکن تحریکی ذمہ داروں اورکارکنوں نے تمام تر مشکل حالات کے باوجود ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا اور مایوس ہوئے بغیرحق پرستی کی جدوجہد جاری رکھی جس پر میں ایک ایک کارکن کو شاباش اورزبردست خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے تمام ذمہ داران اور کارکنان سے کہاکہ وہ حالات کے جبر سے ہرگز مایوس نہ ہوں ، پرعزم رہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں، انشاء اللہ فتح حق پرستوں کا مقدر ثابت ہوگی۔