17 جولائی ، 2013
نیویارک… این جی ٹی…خربوزہ غذائیت سے بھرپور ایک ایسا پھل ہے جو پیٹ اور گردے کے مریضوں کیلئے بیحد مفیدہے۔بنیادی طور پر خربوزہ، گرما اورسردا ایک ہی قبیلے کے پھل ہیں تاہم مختلف علاقوں میں آب وہوا الگ ہونے کی وجہ سے ان کی شکلیں مختلف ہوجاتی ہیں۔ خربوزے کا گودا، بیج اور چھلکا سب ہی انسانی صحت کیلئے بے حد مفید ہیں جس میں پانی، فاسفورس، کیلشیم، پوٹاشیم، کیریٹین، تانبا، گلوکوز، وٹامن اے اوربی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ ایک عام سائز کے خربوزے میں 21 حرارے، ایک گرام پروٹین، 5گرام نشاستہ اور ایک گرام ریشہ ہوتاہے، یہ تمام اجزاء انسانی جسم کو مضبوط اور صحت مند بناتے ہیں۔خربوزے کا سب سے اہم کام معدے، آنتوں اور غذا کی نالی کی خشکی دور کرنا، آنتوں میں رکے ہوئے زہریلے فضلے خارج کرنا، قبض دور کرنا اور جِلدکا رنگ نکھارنا ہے۔ خربوزہ گردے اور مثانہ میں موجود پتھری کو خارج کرنے میں بھی نہایت معاون ثابت ہوتا ہے۔