24 جولائی ، 2013
اسلام آباد…صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج جمع کرائے جائیں گے۔ مسلم لیگ ن نے ممنون حسین کو امیدوار نامزد کردیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی نے رضا ربانی کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں تیز کردی ہیں۔ ممنون حسین حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدوار ہیں، انہوں نے پارٹی فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ وہ خود کاغذات نامزدگی جمع کرانے جائیں گے، قومی اسمبلی میں سادہ اکثریت اور دو صوبوں میں حکومتی جماعت ن لیگ کے صدارتی امیدوار کی جیت کے امکانات زیادہ ہیں لیکن پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن بھی دور کی کوڑی لائے ہیں۔ اسی آس پر پیپلز پارٹی والے اپنے امیدوار کی حمایت کے لیے عوامی نیشنل اور بی این پی عوامی کے بعد ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت کے گھر پہنچ گئے، جہاں چودھری شجاعت نے کم از کم اپنا امیدوار میدان میں نہ لانے کی یقین دہانی ضرور کروادی ۔ پیپلز پارٹی والے مولانا فضل الرحمان کے پاس بھی پہنچ گئے اور ان سے اپنے امیدوار رضا ربانی کی حمایت بھی مانگی تاہم مولانا نے تو حکومت اور اپوزیشن کا متفقہ امیدوار لانے کی تجویز دے دی۔ صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی چاروں صوبوں اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹسز کے پاس جمع کرائے جاسکیں گے جن کی جانچ پڑتال 26 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر بطور ریٹرننگ افسر خود کریں گے۔