19 جنوری ، 2012
اسلام آباد… اسلام آباد میں بوندا باندی کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سردی کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے ۔ ملکہ کوہسار مری میں شام سے شروع ہونے والی برف باری کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے اور مری پہنچنے والے بڑی تعداد میں سیاح برف باری کا لطف اٹھارہے ہیں۔ ایبٹ آباد اور گردونواح میں بارش جبکہ گلیات کے مختلف علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ برف باری کے باعث ایبٹ آباد سے نتھیاگلی اور مری جانے والی سڑک بٹنگی کے مقام پر ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند ہوگئی ہے۔ ادھر پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری ہے۔ آج لاہور موٹر وے پنڈی بھٹیاں سے شیخوپورہ تک دھند کے باعث تین گھنٹے تک بند رہا تاہم دھند کی کمی کے باعث اسے کھول دیا گیا جبکہ بابو صابو انٹر چینج سے شیخوپورہ تک موٹروے تاحال بند ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبر پختون خواہ کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت دھند جاری رہے گی جبکہ گوجرانوالہ ،لاہور ڈویژن اور کشمیر، گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔