14 مارچ ، 2012
اسلام آباد … الیکشن کمیشن نے بلوچستان سے سینیٹ کی جنرل نشستوں پر دوبارہ گنتی کیلئے مسلم لیگ ن کی درخواست کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ ان پر کبھی انگلی نہیں اٹھائی گئی مسلم لیگ ن والے انہیں نااہل قرار دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی درخواست کی سماعت چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)حامد علی مرزا کی صدارت میں الیکشن کمیشن نے کی۔ کمیشن نے گزشتہ سماعت میں بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنر کو ریکارڈ سمیت طلب کیا تھا تاہم وہ بیماری کے باعث پیش نہیں ہوئے۔ پیپلز پارٹی کے وکیل اطہر من اللہ کا موٴقف تھا کہ الیکشن کمیشن اس معاملے کی سماعت کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ مسلم لیگ ن کے وکیل اکرم شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے الیکشن کمیشن کے پاس آکر غلطی کی، انہیں سنا ہی نہیں جارہا۔ بعد میں سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی گئی۔