15 مارچ ، 2012
اسلام آباد… کراچی میں بھتاخوری واقعات کیخلاف قومی اسمبلی سے ایم کیوایم ارکان نے واک آوٴٹ کیا۔ پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ بھتاخوری نہ روکی تو شاید پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھی نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ بھتاخوری کی وجہ سے کراچی میں کاروبار ناممکن ہوگیا ، کباڑی مارکیٹ سے روزانہ 6 لاکھ کا بھتا لیا جاتا ہے اور شہر کی 500 سے زائد صنعتیں متاثر ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے مالکان کے بچوں کو اغوا کیا جا رہا ہے اور کاروباری طبقے کو ہراساں کرنے کیلئے کریکر دھماکے کیے جا رہے ہیں۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ کراچی کا کوئی بھی صنعتی علاقہ بھتا مافیا سے محفوظ نہیں اور اس جرم نے باقاعدہ انڈسٹری کی شکل اختیار کر لی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کراچی کی صنعت نہ چلی تو خدا نخواستہ ملک نہیں چلے گا ، صدر ،وزیراعظم،وزیراعلیٰ،وزیرداخلہ سندھ سب کوکہالیکن کچھ نہیں ہو۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم بھتہ مافیا کے خاتمے تک اسمبلی اجلاس سے روز انہ واک آوٹ کرے گی۔