15 مارچ ، 2012
لاہور … جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہاہے کہ حکمران عام انتخابات ایک سال آگے لے جانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، الیکشن کی تاریخ بڑھائی گئی تو انتخاب سے پہلے انقلاب آئے گا۔ منصورہ لاہورمیں ماہانہ تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سید منور حسن نے کہا کہ 2008ء کے انتخابات میں برسر اقتدار آنے والوں نے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، حکومت نے ڈرون حملوں کی اجازت دے رکھی ہے ، اس سلسلے میں رسمی احتجاج منافقت پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی، سیاسی اور دینی جماعتوں کا ایک دوسرے سے مسلسل رابطہ ہے، انتخابات میں سرپرائز دیں گے۔