22 اگست ، 2013
نوشہرہ…عام انتخابات کی طرح ضمنی انتخابات میں بھی بعض جگہوں پر خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی لگادی گئی ہے ، ان میں نوشہرہ، لکی مروت ، میانوالی اور پھالیہ کے بعض علاقے شامل ہیں ، جہاں مقامی جرگوں نے متفقہ فیصلہ کیا کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے نہ دیا جائے۔جیو نیوز کو حاصل معلومات کے مطابق لکی مروت این اے ستائیس میں شامل کوٹ کشمیر، بخمل احمدزئی،ناورخیل،زنگی خیل،خیروخیل اورپہاڑخیل کے مقامی جرگوں نے خواتین کے ووٹ کاسٹ کرنے پرپابندی عائدکردی، اسی طرح نوشہرہ میں تاروجبہ سمیت متعدد پولنگ اسٹیشنز پرخواتین کے ووٹ ڈالنے پرپابندی لگادی گئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی عمائدین اور سیاسی رہنماوٴں میں اس بات پر معاہدہ ہوگیا ہے کہ خواتین ضمنی انتخابات میں ووٹ نہیں ڈالیں گی جبکہ این اے 71 میانوالی کے پولنگ اسٹیشن پائی خیل میں بھی مقامی جرگے نے خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا ہے، ساتھ ہی پی پی اٹھارہ پھالیہ میں مقامی پنچایت نے خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روک دیا ہے ، لکی مروت میں ووٹ ڈالنے سے روکنے پر خواتین نے خود الیکشن کمیشن سے رابطہ کیا۔ان خبروں پر الیکشن کمیشن حرکت میں آگیا ہے ، سیکریٹری الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدواروں سے رابطہ کیا ہے اور کہا ہے کہ خواتین کو ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے والا امیدوار نااہل ہوگا۔تمام ریٹرننگ آفیسرز کو خواتین ووٹرز کا الگ ریکارڈ مرتب کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے، سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا کہنا ہے کہ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ان حلقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ خواتین کے حق رائے دہی پر فی الفور عمل درآمد کروایاجائے۔