27 اگست ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے بلوچستان حکومت کی جانب سے ایک نجی ٹی وی چینل کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے آزادی صحافت پر قدغن لگانے کے مترادف قراردیا ہے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ یہ امر سمجھ سے بالاتر ہے کہ ملک اس وقت سنگین داخلی اورخارجی بحران سے گزررہا ہے ، بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال قابو سے باہرہوتی جارہی ہے لیکن اس پر توجہ دینے کے بجائے حکومت بلوچستان ، صحافیوں کے خلاف مقدمات درج کررہی ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیکر صحافیوں کے خلاف مقدمہ واپس لینے کے احکامات جاری کریں گے ۔دریں اثناء الطاف حسین نے نامعلوم دہشت گردوں کی جانب سے ایم کیوایم بلدیہ سیکٹر یونٹ 112-Aکے کارکن محمد آصف اور فیڈرل بی ایریا کے کارکن مرزا اورنگزیب کو فائرنگ کرکے شہیدکرنے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ایک بیان میں الطاف حسین نے محمدآصف اور مرزا اورنگزیب کی المناک شہادت پرگہرے رنج وغم کااظہارکرتے ہوئے شہداء کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہارکیااورانہیں صبرکی تلقین کی،انھوں نے کہاکہ دکھ اورافسوس کی اس گھڑی میں مجھ سمیت تمام کارکنان آپ کے ساتھ ہیں اورشہادت پرغم زدہ ہیں۔ الطاف حسین نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ محمد آصف اور مرزا اورنگزیب شہید کوجنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے اورسوگواران کوصبرجمیل عطافرمائے۔(آمین)۔علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن اور شعبہ اطلاعات کے انچارج واسع جلیل نے لاہور میں تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے میں بد نظمی اور صحافیوں کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دھرنے میں صحافیوں پر تشدد کے واقعہ سے ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک دھرنوں کی آڑ میں انتہائی غیر ذمہ دارانہ روش اختیار کی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپنے جائز حقوق کیلئے دھرنے دینا سیاسی جماعتوں کا بنیادی آئینی و قانونی حق ہے لیکن دھرنے میں بد نظمی اورصحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانا آزاد صحافت پر حملے کے مترادف ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنان کے تشدد سے زخمی ہونے والے صحافیوں سے یکجہتی کااظہار کیا اور زخمی صحافیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ واسع جلیل نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنے میں صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے میں ملوث افراد کے خلاف فی الفور نوٹس لیاجائے ۔