30 اگست ، 2013
حیدرآباد…صوبائی وزیر صحت اویس مظفر کی حیدرآباد اور جامشورو لیاقت میڈیکل یونیوسٹی اسپتال میں آمد مریضوں کے لئے وبال جان بن گئی۔ وارڈ ز مریضوں سے خالی کرایاگیا تو نرسز کو پھولوں کی پلیٹ تھماکر استقبال کے لئے کھڑا کردیا گیا۔ وزارت صحت سمیت پانچ وزاتیں رکھنے والے اویس مظفر ہاشمی آج حیدرآباد اور جامشورو لیاقت میڈیکل یونیورسٹی کے معائنے کے لیے پہنچے۔اسپتال انتظامیہ نے وزیر موصوف کے استقبال کیلئے کوئی کسراٹھانہ رکھی۔اسپتالوں کی صفائی ستھرائی کرائی گئی اور خوشبودار فینائل کا بھی استعمال کیا گیا۔اسپتال میں مریضوں کے اسٹریچر کے استعمال اور تیمارداروں کے داخلے پر بھی پابندی لگادی گئی۔شہر کے تمام تھانوں میں پہلے ہی منادی بجھوادی گئی تھی کہ وزیر صاحب کسی بھی وقت آسکتے ہیں ، اس لیے سب چوکنا رہیں۔لیکن ان سب تیاریوں پراس وقت پانی پھرگیا جب اویس مظفر اسپتال میں صرف دو منٹ ہی ٹھہرے اور چلتے بنے۔