18 مارچ ، 2012
لاہور … جماعتِ اسلامی کے امیر سید منورحسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو ہتھکڑی اور بیڑیاں لگی ہونی چاہئیں، بابر اعوان اور رحمان ملک کو توہینِ عدالت کے جرم میں سزا دی گئی ہوتی تو وزیراعظم یوں عدالتی احکامات کو چیلنج کرتے نظر نہ آتے۔ لاہور سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کسی بڑے عہدے کا لحاظ نہ رکھیں، قانون سب کیلئے برابر ہے عدالت کوچیلنج کرنیوالوں کو کڑی سزا دیکر عدالت کا وقار بحال رکھا جائے۔ سید منور حسن نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے حلف کی بھی خلاف ورزی کی ہے، سوئس حکومت کو خط لکھنے کی بجائے وزیراعظم، صدر زرداری کو بچانے کیلئے توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔