12 ستمبر ، 2013
لاہور…سوئی ناردرن گیس کمپنی اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی ٹیم نے داروغہ والا کے علاقے میں لوہے کے ایک کارخانے پر چھاپہ مار کر لاہور کی تاریخ کی سب سے بڑی گیس چوری پکڑ لی، مالکان فرار ہو گئے تاہم کارخانے کے دو ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چھاپہ مار ٹیم کے مطابق داروغہ والا لکھو ڈائر روڈ کے مکینوں نے گیس کا پریشر کم ہونے کی شکایت کی تھی جس پر چیک کیا تو سکندر گجر نامی شخص کے کئی کنال پر پھیلے لوہے کے کارخانے میں میں سوئی گیس کی مین لائن سے پائپ لگا کر گیس چوری کی جارہی تھی۔ شبہ ہے کہ یہاں سے مزید کئی کارخانوں کو بھی چوری کی گیس فراہم کی جارہی ہے جس کی کھدائی شروع کر دی گئی ہے۔ چھاپے کے دوران کارخانے کے مالکان موجود نہیں تھے تاہم دو ملازمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی سی او لاہور نسیم صادق بھی وہاں پہنچ گئے۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اب تک پکڑی جانے والی گیس چوری کی یہ سب سے بڑی واردات ہے۔ مالکان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔