پاکستان
12 ستمبر ، 2013

ٹارگیٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کوہدف بنایا جا رہا ہے، عباد الرحمان

ٹارگیٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کوہدف بنایا جا رہا ہے، عباد الرحمان

شکاگو… ایم کیو ایم نارتھ امریکہ کے نگران عبادالرحمان نے کراچی مین ٹارگیٹڈ آپریشن کے نام پر ایم کیو ایم کے کارکنان، ذمہ داران، ہمدردوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں اور رینجرز و پولیس کی جانب سے پر امن مہاجر آبادیوں پر چھاپوں اور محاصروں کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں عبادالرحمان نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے نام پر رینجرز اور پولیس کی جانب سے ایم کیو ایم کے خلاف شروع کئے جانے والے آپریشن نے ایم کیو ایم کے ان خدشات کو یقین میں بدل دیا ہے کہ اس نام نہاد آپریشن کا مقصد کراچی میں امن کا حصول نہیں بلکہ صرف اور صرف ایم کیو ایم کو انتقامی نشانہ بنانا ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں گزشتہ کئی سالوں سے کالعدم پیپلز امن کمیٹی ، لیاری گینگ وار کے بد نام زمانہ کریمنلز، سفاک قاتلوں ، منشیات فروشوں اور بھتہ خوروں کی کھلی سرکاری سرپرستی کرکے انہیں کراچی کے نہتے عوام کے قتل عام کا کھلا لائسنس دیدیا گیا۔ ایم کیو ایم کو ختم کرنے کا خواب دیکھنے والی پیپلز پارٹی نے اپنی بغل بچہدہشت گرد تنظیم سے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکامی کے بعدپولیس اور رینجرزکو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عبادالرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کرتا دھرتامہاجر اور کراچی دشمنی میں اپنے ہوش و حواس کھو چکے ہیں اور کسی بھی قیمت پر کراچی پر قبضہ کرکے مہاجروں کو اپنا غلام بنانا چاہتے ہیں لیکن کراچی کے حق پرست عوام اپنے اتحاد سے پیپلز پارٹی کو اس بار بھی پسپا ہونے پر مجبور کر دیں گے۔انہوں نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ وہ پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی کو آگ اور خون میں دھکیلنے کی سازشوں کا فی الفور نوٹس لیں اور کراچی میں شفاف اور منصفانہ آپریشن کو یقینی بنانے کے لئے وفاق اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کریں۔عباد الرحمان نے مزید کہا کہ اگر ایم کیو ایم اور مہاجر دشمن آپریشن فوری طور پر بند نہیں کیا گیا تو امریکہ اورکینیڈا کے ہزاروں کارکنان سراپا احتجاج بن جائیں گے۔ ایم کیو ایم پر ہونے والے مظالم کے خلاف نہ صرف امریکہ اور کنیڈا میں بڑے مظاہروں کا انعقاد کیا جائیگا بلکہ انسانی حقوق کی تنظیموں سے رابطہ کرکے انہیں کراچی میں یک طرفہ آپریشن اور مہاجروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے متعصبانہ اور غیر انسانی سلوک سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔

مزید خبریں :