15 ستمبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے شہید کنوینر اور شہیدانقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ حق پرست شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور حق پرستی کی جدوجہد اپنی منزل پر پہنچ کرہی دم لے گی ۔ ڈاکٹرعمران فاروق شہید کی تیسری برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ حق پرستی کی اس جدوجہد میں ہزاروں ساتھیوں نے جام شہادت نوش کرلیا لیکن کسی بھی باطل قوت کے سامنے سرجھکانا گوارا نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ حق پرستی کی اس جدوجہد میں تحریک کے سینئر ساتھی ڈاکٹرعمران فاروق بھی ہم سے جدا کردیئے گئے اوران کی شہادت کا غم نہ ختم ہونے والا ایسا دکھ ہے جو زندگی بھر تازہ رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرعمران فاروق شہید، تحریک کے کارکنان کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ، ان کی قربانی کبھی فراموش نہیں کی جائے گی اور تحریک کے پرعزم ، مخلص اور بہادر کارکنان حق پرست شہداء کی قربانیوں کو مشعل راہ بناتے ہوئے حق پرستی کی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ الطاف حسین نے کہاکہ تمام تر ظلم وستم اور جبرواستبداد کے باوجود ہمارا عزم ہے کہ حق پرست شہداء نے جس نیک مشن ومقصد کے حصول کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ، ہم اس مشن ومقصد کی تکمیل کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انشاء اللہ تحریک کے شہداء کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور حق پرستی کی جدوجہد کامیابی سے ہمکنا ر ہوگی۔دریں اثناء متحدہ قومی موومنٹ کے زیر اہتمام ڈاکٹر عمران فاروق کی تیسری برسی پیر 16ستمبر کو ملک بھر میں عقید ت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی ۔ برسی کے سلسلے میں پنجاب ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان اور سندھ میں ایم کیوایم کے دفاتر پر قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوں گے جبکہ اس سلسلے کا مرکزی اجتماع ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں بعد ظہر تا عصر ہوگا۔شہید انقلاب ڈاکٹر عمران فاروق کی تیسری برسی کے موقع پر منعقدہ اجتماعات میں شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کی جائے گا اور شہید کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی ، قرآنی آیات کا ورد اور فاتحہ خوانی کی جائے گی ۔