17 ستمبر ، 2013
اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ کو پاسپورٹ کی میعاد 5 کے بجائے 10 سال کرنے اور قواعد کے خلاف جاری ہونے والے تمام سرکاری پاسپورٹس 3 دن میں منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ لوگوں کے لئے پاسپورٹس کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے 7 روز میں ایس ایم ایس سروس شروع کی جائے۔انہوں نے ملک کے 6 بڑے شہروں میں لوگوں کو گھروں میں پاسپورٹس کی ترسیل کے لئے سروس شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ سکندر سلطان راجا نے وزیر داخلہ کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹس کا تمام بیک لاگ ختم کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مینوئل پاسپورٹس کو مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ سسٹم میں تبدیل کرنے کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔