19 مارچ ، 2012
ملتان … ملتان سے نو منتخب مسلم لیگ ن کے ایم این اے شیخ طارق رشید کی اپنے حلقے میں آمد پر ان کے حامیوں نے کھلے عام ہوائی فائرنگ کی، وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث افرا کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ ملتان سے نو منتخب رکن قومی اسمبلی شیخ طارق کی اپنے حلقے حسین آگاہی بازار آمد کے موقع پر اسلحے کی کھلے عام نمائش اور ان کے حامی ن لیگ کے کارکنوں کی جانب سے سر عام ہوائی فائرنگ کی گئی ۔ ن لیگ کے ایم این اے کے حامیوں نے بازار کی تنگ گلی میں سر عام ریپیٹر ، ٹی ٹی اور دیگر اسلحے سے ہوائی فائرنگ کی تاہم انہیں روکنے والا کوئی نہیں تھا۔ دوسری جانب واقعے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملتان میں سر عام ہوائی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کرنے والے افراد کو گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سزا دی جائے۔