20 ستمبر ، 2013
نئی دہلی … بھارت کے سابق آرمی چیف وی کے سنگھ کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کی حکومت گرانے کی سازش کے الزامات کے تحت تحقیقات شروع کردی گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کے سابق آرمی چیف وی کے سنگھ پر مقبوضہ کشمیر میں آرمی کا ایک خصوصی یونٹ تشکیل دینے کا الزام ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں عمر عبداللہ کی حکومت گرانے کی کوشش کی۔ بھارتی آفیسرز کے سیکریٹ بورڈ نے اس معاملے پر تحقیقاتی ادارے سی بی آئی سے انکوائری کی سفارش کی ہے۔ دوسری جانب وی کے سنگھ نے بھارتی اخبار سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان پر بھارتی جنتا پارٹی کے نامزد وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ روابط کی بنیاد پر الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ سابق بھارتی آرمی چیف کو چند روز قبل نریندر مودی کے ساتھ ایک جلسے میں اسٹیج پر دیکھا گیا تھا۔