Geo News
Geo News

پاکستان
20 ستمبر ، 2013

ٹارگٹ کلنگ اور بھتا خوری کا مقصد کراچی پرقبضہ ہے، سپریم کورٹ

ٹارگٹ کلنگ اور بھتا خوری کا مقصد کراچی پرقبضہ ہے، سپریم کورٹ

کراچی…چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا کہنا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ،فرقہ وارانہ قتل ،بھتاخوری اورلینڈمافیاکامقصدشہر پرقبضہ کرناہے۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ کراچی پرقبضے کیلیے جرائم پیشہ عناصرمعیشت کواپنے ہاتھوں میں لیناچاہتے ہیں۔سپریم کورٹ میں کراچی بے امنی کیس میں فیصلے پر عمل درآمد کی سماعت کے دوران رینجرزاوروفاق کی رپورٹ معاشرے میں بے چینی روکنے کی خاطرخفیہ رکھی گئی۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا کہ شہر کے نوگوایریازکی کیا صورتحال ہے؟کیا سارالیاری کلیئر کرالیا گیا،آئی جی سندھ نے جواب دیا کہ لیاری میں اب کوئی مسئلہ نہیں۔پیرآباد،منگھوپیر،سہراب گوٹھ کے کچھ علاقوں میں مشکلات ہیں،جلدقابوپالیں گے۔خفیہ اداروں کی مددسے پولیس اہلکاروں کی سیاسی وابستگی کی بھی تحقیقات ہورہی ہیں،چیف جسٹس نے کہا کہ کراچی میں امن کیلیے جسے بہترسمجھیں اسے تعینات کریں۔بعد میں سپریم کورٹ نے سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے اپنے حکم میں متعلقہ حکام کو کراچی میں 33ہزار سے زائد مفرور ملزمان کی فوری گرفتاری ، ولی خان بابر کیس میں گواہوں کے قتل کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے ،قتل کئے گئے پولیس افسران کے مقدمات کی تفصیلات ،کراچی کے نوگوایریاز کلئیر کرانے ،سندھ میں اسلحہ لائسنس کی تصدیق اور کراچی میں غیرقانونی اسلحے کے خلاف مہم شروع کرنے کا حکم دیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا کہ جمہوری حکومت کا تسلسل خوش آئند ہے تاہم کراچی میں قیام امن کے اقدامات مستقل نوعیت کے ہونے چاہئیں۔

مزید خبریں :