23 ستمبر ، 2013
کراچی…مسیحی برادری کی جانب سے کراچی میں بھی دن بھر مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔بعض مقامات پر مشتعل افراد نے ٹائر جلائے اور پتلے نذر آتش کیے۔ مظاہرین نے تحفظ کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔سانحہ پشاور کے بعد ملک بھر کے دیگر شہروں کی طرح مسیحی برادری کی جانب سے کراچی میں بھی عیسٰی نگری، کورنگی ناصر جمپ ، کے ڈی اے چورنگی ،پہاڑ گنج ، لانڈھی نمبر پانچ آئی آئی چندریگر روڈ اور قلندریہ چو ک سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ کے ڈی اے چورنگی اور قلندریہ چو ک پر مظاہرین کو منشتر کرنے کے لئے پولیس نے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ بھی کی ۔اپنی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے کے لیے مختلف علاقوں سے مسیحی افراد ٹو لیوں اور ریلیوں کی شکل میں کراچی پر یس کلب پہنچے ،سانحہ پشاور کے خلاف احتجاج کیا ،نعریلگائے اور پتلے جلائے۔کراچی پریس کلب پر مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئیسول سو سائٹی ، انسانی حقوق کی تنظیموں اور سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی مظاہرے میں شریک ہوئے۔احتجاج کے باعث شہر کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔