25 ستمبر ، 2013
پشاور…تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جنگ بندی کرتے ہوئے طالبان کو مذاکرات کے لئے دفتر کھولنے کی اجازت دے۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں کوہاٹی چرچ دھماکوں میں زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت میں عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت مذاکرات کے لئے طالبان کو دعوت دے،اُن کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں۔طالبان سے مذاکرات کامیاب ہوئے تو ملک میں امن قائم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں مذاکرات کا فیصلہ ہوا تھا اس لئے جنگ کی بجائے مذاکرات کو موقع دیا جائے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کو امن کے نعرے پر مینڈیٹ ملاہے۔ ہم عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔