25 ستمبر ، 2013
کراچی…کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے رینجرز اہلکار شہزاد مسیح کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہونے والے غلام حیدر قتل کیس کی سماعت27ستمبر اور حمزہ قتل کیس کی سماعت 10اکتوبر تک ملتوی کردی۔غلام حیدر قتل کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو کے روبرو ہوئی۔کیس میں اب تک مدعیہ مقدمہ اور انویسٹی گیشن آفیسر سمیت استغاثہ کے 9گواہوں کے بیانات قلمبند کئے جاچکے ہیں۔27ستمبر کو ملزم رینجرز اہلکار شہزاد مسیح کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔دوسری جانب حمزہ قتل کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مرکزی ملزم شعیب نوید کے وکیل نے استدعا کی کہ کیس میں شواہد جمع کرنے کے لئے مزید مہلت درکار ہے اورکیس کی ازسر نو تحقیقات کے لئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست زیر سماعت ہے۔وکیل نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ ملزم شعیب نوید چوں کہ طالب علم ہے اِس لیے اسے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔عدالت نے ملزم کے وکیل سے اگلی سماعت تک درخواست طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10اکتوبر تک ملتوی کردی۔