13 اکتوبر ، 2013
لندن…ملالہ یوسفزئی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی بیٹی ہوں اور پاکستان میں سیاست کروں گی، پاکستان میں حقیقی تبدیلی لانا چاہتی ہوں،پاکستان سمیت دنیابھر کے بچوں کی تعلیم کیلیے کام کرنا چاہتی ہوں ۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے ملالہ کا کہنا تھا کہ ایسے ملک کی سیاستدان نہیں بننا چاہتی جوپہلے سے ترقی یافتہ ہو، بلکہ ایسے ملک میں سیاست کروں گی جس کو ترقی کی ضرورت ہو، دنیا بھرکے بچوں کے لیے کام کرنا چاہتی ہوں اور شام اسوقت اولین ترجیح ہے کیوں کہ وہاں جاری جنگ کے باعث تباہی آئی ہے اور تعلیمی نظام درہم برہم ہے، انکا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں تعلیم اورتوانائی سمیت دیگرمسائل کو حل کرنے کی کوشش کروں گی، انھوں نے کہا کہ پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور پاکستانی مجھ سے محبت کرتے ہیں اور مجھے مغربی تصور نہیں کرتے،اپنا سمجھتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ طالبان بچیوں کی تعلیم کیخلاف ہیں لیکن میں بچیوں کی تعلیم کی مہم جاری رکھوں گی۔