14 اکتوبر ، 2013
ابوظہبی…پہلے کرکٹ ٹیسٹ کا پہلا سیشن پاکستانی بالرز کے نام رہا، کھانے کے وقفے پر پاکستانی بالرز نے 66 رنز پر جنوبی افریقا کی 3وکٹیں گرادیں۔ابوظہبی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے کپتان گریم اسمتھ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کو جلد ہی کامیابی ملی، این پیٹرسین محمد عرفان کی گیند پر شان مسعود کو کیچ دے بیٹھے۔دوسری وکٹ کیلئے بھی پاکستان کو زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور مجموعی اسکور میں صرف 13 رنز کے اضافے کے بعد کپتان گریم اسمتھ 15 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ان کی وکٹ بھی محمد عرفان کے حصے میں آئی۔کیلس صرف 5 رنز بناکر جنید خان کا شکار بنے۔کھانے کے وقفے پر ہاشم آملہ30اورڈی ویلیئرز11 رنزپر ناٹ آؤٹ تھے۔ پاکستان نے آج کے میچ میں شان مسعود اور ذوالفقار کو ٹیسٹ کیپ دی ہے۔ٹاس کے بعد کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مثبت کھیل کے لیے تیار ہیں اور مستقبل کی جانب دیکھ رہے ہیں۔پاکستان ٹیم میں شان مسعود، خرم منظور، اظہر علی، یونس خان، مصباح الحق، اسد شفیق، عدنان اکمل، سعید اجمل، ذوالفقار بابر، جنید خان اور محمد عرفان شامل ہیں۔جنوبی افریقا 2006 میں سری لنکا کے ہاتھوں دو صفر سے شکست کے بعد ملک سے باہر کوئی بھی سیریز نہیں ہارا، پاکستان کے خلاف یو اے ای میں 2010 کی سیریز0-0 سے ڈرا ہوگئی تھی۔ جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ نے واضح کیا کہ دنیا کی نمبر ون ٹیسٹ سائیڈ ہونے کی وجہ سے ہم پر کوئی اضافی دباؤ نہیں،اگر کوئی پریشر ہو بھی سکتا ہے تو وہ بہتر پرفارم کرنے کی توقعات کا ہو گا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہاہے کہ ہماری بیٹنگ لائن مضبوط اور متوازن ہے پوری قوت کے ساتھ حریف کا مقابلہ کریں گے، سیریز سخت ہوگی،ہمارے اوپنرز کا ابوظہبی اور دبئی کے میدانوں پر ریکارڈ بہت اچھا ہے،حریف کو سخت مشکلات اور ٹف ٹائم دیں گے۔پروٹیز نے پاکستان کیخلاف 21 ٹیسٹ کھیلے،اسے11میں فتح اور صرف تین میں شکست ہوئی جبکہ باقی سات ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔