22 مارچ ، 2012
لاہور…مسلم لیگ ن کے قائد میاں نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت بھی ماضی کی آمرانہ حکومت کی روش پر چلتے ہوئے عدالتوں کے احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہی ہے۔ 23 مارچ کے حوالے سے اپنے پیغام میں نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کو عدلیہ کے فیصلوں کا احترام اور ان پر مکمل عمل درآمد کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ آمروں نے ذاتی مفادات کو قومی مفادات پر ترجیح دیتے ہوئے جمہوریت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، مسلم لیگ ن آئین اور قانون کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی کو یقینی بنائے گی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ 23 مارچ تجدید عہد کا دن ہے۔