24 اکتوبر ، 2013
واشنگٹن…ایک امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی حکام خفیہ طور پر ڈرون حملوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ 2008 سے 2011 کے دوران کئی حملے تو پاکستانی حکومت کی درخواست پر کیے گئے۔امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے سی آئی اے اور پاکستان کی سفارتی دستاویزات کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ حکومتی سطح پر باربار کی مذمتوں کے باوجود پاکستان نا صرف ڈرون حملوں کی توثیق کیا کرتا تھا بلکہ انہیں اس بارے میں خفیہ طور پر بریفنگ بھی دی جاتی تھیں۔ اخبار کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد کے بارے میں بھی بتایا جاتا تھا۔ اخبار نے دستاویزات کے حوالے سے بتایا ہے کہ متعدد ڈرون حملوں کے اہداف کا انتخاب پاکستانی حکام کیا کرتے تھے، اخبار نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ مثلًا 2010 میں حکومت نے خود ایک ہدف کو نشانہ بنانے کی درخواست کی تھی، جبکہ اسی سال پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور سی آئی اے نے اہداف کے ایک نیٹ ورک پر حملے کا مشترکہ منصوبہ بنایا تھا۔