پاکستان
25 اکتوبر ، 2013

پاکستان کی بھارت سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کی استدعا

کراچی…محمدرفیق مانگٹ …پاکستان نے بھارت سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن کی کارکردگی سے متاثر ہو کر پاکستان نے آئندہ انتخابات میں استعمال کے لئے بھارت سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں فراہم کرنے کی استدعا کی ہے ،ذرائع کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن نے ابھی اس معاملے پر غور کرنا ہے، اس پر رائے حاصل کرنے کے لئے انہوں نے وزارت خارجہ کو لکھ دیا ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستان اپنا انتخابی نظام مضبوط کرنے ک کی خاطرEVMs کے استعمال کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔بھارتی الیکشن کمیشن پہلے ہی پاکستان ہائی کمیشن کو EVMs اور اس کے استعمال کے متعلق تفصیلات فراہم کر چکا ہے۔ لیکن پاکستان کی درخواست پر غور کرنے سے پہلے اس معاملے پر بھارتی حکومت کی رائے کا انتظار ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت میں عام انتخابات ہونے کو ہیں اس لیے مستقبل قریب میں پاکستان کو EVMs دینے کا کوئی امکان نہیں۔ کنٹرول لائن پر پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے یہ شکوک وشبہات ہیں کہ بھارت پاکستان کی اس درخواست کو مسترد کردے گا۔بھارتی الیکشن کمیشن آئندہ لوک سبھا کے انتخابات کے لئے 2لاکھ الیکٹرانک مشینوں کا آرڈر دے چکاہے۔ بھارت کے پاس کل 14لاکھ EVMs ہیں ان میں سے نصف2006سے پہلے اور باقی اس کے بعد تیار کرائی گئیں۔ نیپال نے بھی بھارت سے ان مشینوں کی فراہمی کی درخواست کی تھی لیکن بھارت نے اس درخواست کو منظور نہیں کیا۔

مزید خبریں :