23 مارچ ، 2012
کراچی . . . . کراچی کے علاقے لیاری میں لی مارکیٹ چوک میدان جنگ بن گیا۔رات بارہ بجے سے شرپسند عناصر اور پولیس کے درمیان ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس شیلنگ کی آنکھ مچولی سے جاری ہے۔کراچی میں لیاری کے مختلف علاقوں نیا آباد،دریا آباد،لی مارکیٹ چوک،آٹھ چوک اوراطراف کے علاقوں میں پولیس کی گینگ وار اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور جلاوٴ گھیراوٴ کا سلسلہ شروع کردیا۔اس دوران سب سے متاثر ہونے والا علاقہ لی مارکیٹ چوک رہا جہاں شرپسند افراداور پولیس کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں علاقہ میدان جنگ کا منظر پیش کرتا رہا۔اس موقع پر مظاہرین نے پولیس کی بکتر بند گاڑیوں پر پیٹرول بم پھینکا جس کے نتیجے میں قریب موجود ایک دوکان میں بھی آگ لگ گئی۔پولیس نے شرپسند عناصر کو منتشر کرنے کیلئے مسلسل آنسو گیس کی شیلنگ کی تاہم مظاہرین کی جانب سے جوابی ہوائی فائرنگ کے باعث صورتحال کسی صورت تھمنے میں نہیں آئی۔پولیس کے ہمراہ کارروائی میں ایف سی اہلکار بھی شریک ہوئے لیکن مشتعل افراد کی جانب سے انہیں بھی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل نیاآباد کے علاقے میں جلاوٴ گھیراوٴ کے الزام میں پولیس نے دس سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے نام پر صرف لیاری کو نشانہ بنانا کہاں کا انصاف ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ تین دنوں سے لیاری کے مختلف علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے۔