23 مارچ ، 2012
پشاور … گورنر خیبر پختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے اپنے شعبوں میں بہترین خدمات کے اعتراف میں 3 شخصیات کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی اور 12 کو تمغہ امتیاز دیا۔ یوم قرار داد پاکستان کے موقع پر صدارتی اعزازات کی تقریب گورنر ہاوٴس پشاور میں منعقد ہوئی۔ جس میں صوبائی وزراء، پارلیمنٹیرینز، افسران اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ گورنر بیرسٹر مسعود کوثر نے اردو ادب کے شعبہ میں ڈاکٹر ظہور احمد اعوان (مرحوم)، گلوکاری میں گلزار عالم اور اداکاری میں محمد خامس کو صدارتی اعزاز برائے حسن کارکردگی جبکہ مذہبی اسکالر ڈاکٹر محمد فاروق خان (مرحوم)، پروفیسر ڈاکٹر فدا یونس خٹک، ڈاکٹر ضابطہ خان شینواری، فوک گلوکار غلام عباس گل ڈیروی، ریاض احمد دستکار، ادیب و کالم نویس ڈاکٹرعنایت اللہ فیضی، ڈاکٹرجہاں زیب داوڑ، ڈاکٹر ضیاء الرحمان، فوٹو گرافر عبدالرشید، ادیب و صحافی یونس قیاسی، خواتین قومی کرکٹ ٹیم کی کپتان ثناء میر اور ڈاکٹر محمد نور کو بہترین کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ امتیاز دیا۔ مرحوم ڈاکٹر فاروق خان مرحوم کا ایوارڈ ان کی بیوہ ڈاکٹر رضوانہ فاروق اور مرحوم ڈاکٹر ظہور احمد اعوان کا ایوارڈ ان کی بیوہ فرحت جبین نے حاصل کیا۔