11 نومبر ، 2013
اسلا م آباد…محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔گلگت ،اسکردو ،استور ،دیامر ،ہنزہ نگر اور دیگر بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہورہا ہے۔ برف باری اور ٹھنڈی ہواوٴں نے لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر کیے ہیں۔اسکردو اور استور میں درجہ حرارت منفی 05 تک گر گیا ہے جبکہ ہنزہ میں درجہ حرارت منفی ایک ریکارڈ کیا گیا۔ ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں بھی سردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔بلوچستان میں بھی سردی نے زور پکڑنا شروع کردیا ہے۔ گرم کپڑوں کے ساتھ ساتھ گرم کھانے اور پینے کی اشیاء کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے،قلات میں درجہ حرارت منفی تین تک گرگیا ہے۔خیبر پختونخوا ،پنجاب اور سندھ میں بھی سردی کی لہر آگئی ہے ،لنڈا بازاروں میں گرم کپڑوں کی خریداری عروج پر پہنچ گئی ہے۔