13 نومبر ، 2013
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین احمد سلیم صدیقی اورعادل خان نے محرم الحرام میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے کے سلسلے میں گزشتہ روز معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی ، ممتاز مذہبی اسکالر ڈاکٹر جمیل راٹھور اور معروف عالم دین ڈاکٹر وقار عظیمی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں اور محرم الحرام کے دوران تمام مسالک کے درمیان پیار ، محبت اور مذہبی رواداری کے فروغ اور امن و امان کے قیام کیلئے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی ، علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور اراکین بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین مسلم امہ کے مسالک کے درمیان گھناؤنی سازشوں کے ذریعے پیدا کی گئی فرقہ واریت اور نفرتوں کوایک دوسرے کیلئے نہ صرف انتہائی نقصان دہ سمجھتے ہیں بلکہ اسے اتحاد بین المسلمین کیلئے گھناؤنی سازش قرار دیتے ہیں ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے، تمام مسالک کے درمیان اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے اور ایک دوسرے کے مسالک کے احترام کا درس دینا ہی دین اسلام کی اصل روح پر عمل پیرا ہونے کے مترادف ہے ۔ اس موقع پر علمائے کرام نے رابطہ کمیٹی کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فرقہ واریت مسلم امہ کیلئے زہر ہے اور کسی بھی مسلک کے شرپسند عناصر کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینا اسلامی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔ علمائے کرام نے الطاف حسین اور ایم کیوایم کی جانب سے محرم الحرام کے موقع پر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام سے رابطوں اور ملاقاتوں کا خیر مقدم کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ الطاف حسین کی ان کاوشوں کو قبول فرمائے ۔دریں اثناء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے اورنگی سیکٹر یونٹ 124 کے کارکن اکرم شہید کے والد منور خان ، پاک کالونی سیکٹر کے کارکن لیاقت علی کی والدہ محترمہ خاتون ، لاڑکانہ زون یونٹ سٹی ۔Eکے کارکن علی بخش اوڈھو کے والد عید محمد اوڈھو اور ایم کیو ایم صوبائی تنظیمی کمیٹی خیبرپختونخواہ کے ڈسٹرکٹ کمیٹی کی رکن مریم باجی کے والد میاں گل باچہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کاا ظہار کیا ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے مرحومین کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کاا ظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو اپنی جواررحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطاکرے۔(آمین)