پاکستان
25 مارچ ، 2012

اسٹیبلشمنٹ ہمارا راستہ چھوڑدے ورنہ تصادم کی ذمے دار خود ہو گی، فضل الرحمان

اسٹیبلشمنٹ ہمارا راستہ چھوڑدے ورنہ تصادم کی ذمے دار خود ہو گی، فضل الرحمان

پشاور…جے یو آئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہم نے جب بھی کوشش کی اسٹیبلشمنٹ نے ہماراراستہ روک دیا ،اسٹیبلشمنٹ ہمارا راستہ چھوڑدے ورنہ تصادم کی ذمے دار خود ہو گی۔پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج تک ملک کی کوئی معاشی پالیسی نہیں بن سکی ،مزدور اور غریب آدمی پس رہا ہے ، حکومت کو کوئی فکر نہیں ،کرپشن کے الزام میں اسمبلیاں توڑی گئیں مگر معاشی مسائل حل نہ ہوئے،ملکی وسائل میں نظم وضبط نہیں ہو گا تو کرپشن موجود رہے گی ، قوم آج بھی روٹی ، کپڑے ، مکان کے نعرے توسن رہی ہے مگر محروم ہے۔ان کا کہنا تھاکہ معاشی استحکام ہو گا تو کامیاب خارجہ پالیسی بنائی جا سکے گی اورجب تک غریب کو مستقل نمائندگی نہیں دی جائے گی خوشحالی نہیں آئے گی،ہم درآمد کی گئی خارجہ پالیسی پر آنکھیں بند کر کے عمل کر رہے ہیں،کشکول ہاتھ میں لیکر ہم کبھی خودمختار اور آزاد فیصلے نہیں کر سکتے،ہم آج بھی امریکا اور مغرب کے غلام بنے بیٹھے ہیں ،ہم کسی صورت ملک میں مغربی تہذیب نہیں آنے دیں گے ۔فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے نیٹوسپلائی بحال کرنے کی کوشش کی توقوم دیوار بن جائے گی ،ملک کو غیر کی جنگ میں دھکیلنے والے قوم کے مجرم ہیں ،ملکی وقار بچانے کیلیے پارلیمنٹ کی سفارشات پرعملدرآمدواحدراستہ ہے لیکن افسوس پارلیمنٹ کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا جا رہا ۔فضل الرحمان کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اختلاف کیا۔

مزید خبریں :