21 نومبر ، 2013
دبئی…متحدہ عرب امارات میں شدید بارشوں کے بعد تعلیمی ادارے بند کردیے گئے۔ دبئی ایئرشو بھی مقررہ دن سے پہلے ختم کردیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق دبئی ایئر شو ختم کردیا گیا ہے اور لوگوں کو المکتوم ایئر پورٹ نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شدید بارش کے باعث ابوظبی اور دبئی میں کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ راس الخیمہ میں اتوار کو بارش اور سیلاب سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔ سعودی عرب اور کویت میں بھی بارشیں جاری ہیں۔ سعودی عرب میں تین روز سے جاری بارشوں میں 7افراد جاں بحق اور 5لاپتا ہوئے۔ کویت میں بارش سے دو دن میں 2افراد جاں بحق ہوئے۔ عمان، قطر اور بحرین میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔