26 مارچ ، 2012
دوشنبے… افغانستان کے بارے میں علاقائی اقتصادی تعاون کی پانچویں دو روزہ سربراہی کانفرنس تاجکستان کے دارلحکومت دوشنبے میں جاری ہے۔ صدر زرداری کا کہنا ہے کہ علا قائی تعاون سے خطے کی صورت حال کو بہتربنایا جاسکتا ہے۔اپنے خطاب میں صدر زرداری نے کہا کہ محدود وسائل کے باجود پاکستان افغانستان کی مدد کررہا ہے۔ صدرکا کہنا تھا کہ افغان جنگ نے خطے کو متاثر کیا اور علاقائی تعاون سے خطے کی صورت حال کو بہتربنایا جاسکتا ہے۔ صدر زرداری کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت باہمی تعاون کے ذریعے کام کرنے کا ہے۔صدر زرداری کے خطاب سے قبل کانفرنس کا افتتاح تاجک صدرامام علی رحمان اور افغان صدر حامد کرزئی نے کیا۔ کانفرنس میں70 ممالک کے مندوبین،عالمی مالیاتی ادارے،غیر سرکاری تنظیمیں ، دانشور،ماہرین ،اور امداد فراہم کرنے والے ادارے شرکت کررہے ہیں۔کانفرنس میں پاکستان ،ایران ،افغانستان اورتاجکستان کے سربراہان مملکت شریک ہیں۔کانفرنس میں علاقائی اقتصادی تعاون بالخصوص افغانستان میں تعمیر ترقی کے امور پر بات چیت کی جائے گی ، افغانستان میں جاری منصوبوں اور ان میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیاجائیگا۔کانفرنس سے قبل چاروں صدور کی ملاقات بھی ہوئی جس میں چاروں ممالک نے دہشت گردی سے نمٹنے ،عسکریت پسندی کے خلاف اقدامات اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کی کوششوں پر اتفاق کیا۔ اس سے پہلے چوتھی کانفرنس گزشتہ سال استنبول میں ہوئی تھی۔