27 نومبر ، 2013
کراچی…کراچی کے علاقے پی آئی ڈی سی ہاوٴس کے قریب قائم غیر قانونی ہائیڈرینٹ کو مسمار کردیا گیا ، اس موقع پر وزیر بلدیات شرجیل میمن نے کہا کہ پانی چوری کرنے والی مافیا کتنی ہی طاقت ور کیوں نہ ہواس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ وزیر بلدیات سندھ شرجیل میمن نے واٹر بورڈ حکام کے ساتھ غیر قانونی ہائیڈرینٹس پر چھاپے مارے ، اس دوران پی آئی ڈی سی کے قریب قائم غیر قانونی ہائیڈرینٹ کو مسمار کردیا گیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ قطب شیخ سمیت متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔شرجیل میمن نے غیر قانونی ہائیدڑینٹس سے پانی چوری کرنے والے ٹینکرز کو بھی ضبط کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے محکمہ بلدیات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد 22غیر قانونی ہائیڈرینٹس مسمار کئے جاچکے ہیں۔ اس وقت بھی بعض حساس علاقوں میں تقریباً 40ہائیڈرینٹس پانی چوری کررہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں پولیس اور رینجرز کی مدد سے کارروائی کی جائے گی۔شرجیل میمن نے عدالتوں سے درخواست کی کہ پانی چوری کرنے والوں کو حکم امتناعی جاری نہ کریں ، شرجیل میمن نے مزید کہا کہ تین سے چار روز میں ضلع غربی میں بھی غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹس کے خلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔