28 نومبر ، 2013
پشاور…عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماوں نے پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ ولی باغ چارسدہ میں اے این پی کے سینئر رہنماوٴں کا غیر رسمی مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہارکیا گیا کہ پارٹی اسفند یار ولی کی قیادت میں متحد ہے اور پارٹی کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ اجلاس سے خطاب میں اسفند یار ولی خان نے کہا کہ 2014ء کے آغاز کے ساتھ پورے خطے کی صورتحال بدل سکتی ہے، جس کے خدو خال سامنے آرہے ہیں۔ اسفند یا ولی کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی، انتہا پسندی اور نیٹو سپلائی پر واضح پالیسی اختیار کرنے میں ناکام رہی۔ نیٹو سپلائی سندھ اور پنجاب سے ہوتی ہوئی خیبر پختونخوا آتی ہے اور پنجاب کے سیاسی لیڈر پشاور میں جلسے کرکے نیٹوسپلائی کے نام پر لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے پر اکسارہے ہیں۔