26 مارچ ، 2012
اسلام آباد … چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس انتہائی اہم موقع ہے اور صدر، وزیراعظم ، اسپیکر قومی اسمبلی ملک میں نہیں ہیں، ملک میں 20، 20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں، 48 گھنٹوں میں مسئلہ حل نہ کیا گیا تو ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے، ایوان صدر اور وزیراعظم ہاوٴس تک مارچ کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار علی خان نے ان خیالات کا اظہار ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ گلی کوچوں میں جو ہورہا ہے اس سے بے خبر رہیں، 20، 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے، کوئی پوچھنے والا نہیں، 48 گھنٹوں میں لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ کیا تو ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کریں گے اور ایوان صدر اور وزیراعظم ہاوٴس تک مارچ کیا جائے گا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا اندازہ لگائیں حکومت مشترکہ اجلاس کو کتنی اہمیت دیتی ہے یہ انتہائی اہم موقع ہے ، اس موقع پر صدر، وزیراعظم اور اسپیکر ملک میں نہیں ہیں۔ چوہدری نثار کے لوڈ شیڈنگ سے متعلق خطاب کے دوران مسلم لیگ ن کے ارکان حکومت کے خلاف شیم شیم کے نعرے لگاتے رہے جبکہ صحافیوں کو دھمکیاں اور میڈیا اداروں میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پریس گیلری سے صحافیوں نے واک آوٴٹ کیا۔