Geo News
Geo News

پاکستان
09 دسمبر ، 2013

’انسانی حقوق، حقیقت یا فریب‘ کے عنوان سے کراچی میں سیمینار

’انسانی حقوق، حقیقت یا فریب‘ کے عنوان سے کراچی میں سیمینار

کراچی…’انسانی حقوق، حقیقت یا فریب‘ کے عنوان سے کراچی میں سیمینار ہوا۔ سیمینار میں معروف اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین، سماجی رہنما انصار برنی اور جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین سمیت مقررین نے لاپتا افراد کی بازیابی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میں کراچی پریس کلب میں سیمینار ہواجس میں دانشوروں ، سماجی رہنماوٴں، سول سوسائٹی کے ارکان، صحافیوں سمیت لاپتا افراد کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب میں جسٹس ریٹائرڈ وجیہ الدین کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پر مقدمہ ٹھیک نہیں انہیں گرفتار پاکستان سے اور ٹرائل امریکا میں کیا گیا جوقانوناً درست نہیں۔ معروف اسکالر اور جیو ٹی وی کے نائب صدر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سمیت لاپتا کی بازیابی اور رہائی کے لیے آواز اٹھائی تھی لیکن اس معاملے پر چند لوگوں نے سیاست چمکائی۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی نے مطالبہ کیا کہ ان کی بہن کی رہائی اور لاپتا افراد کی بازیابی میں حکومت کو اب عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ممتاز سماجی رہنماانصاربرنی نے انکشاف کیا کہ کراچی سے 10ہزار کے قریب افراد لاپتا ہیں جنہیں آج تک عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔سینئر صحافی مظہر عباس کا کہنا تھا کہ آمریت میں لاپتا کیے گئے افراد جمہوری دور میں بھی بازیاب نہ ہوں تو آمریت اور جمہوریت میں کیا فرق باقی رہ جاتا ہے۔ لاپتاافراد کے اہل خانہ نے بتایا کہ دل میں اپنوں کی جدائی کا غم لیے وہ امید کرتے ہیں کہ آئندہ سال انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر ان کے پیارے ان کے ساتھ ہوں گے۔

مزید خبریں :