پاکستان
25 دسمبر ، 2013

تین نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت،عدلیہ نوٹس لے،رابطہ کمیٹی

 تین نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل قابل مذمت،عدلیہ نوٹس لے،رابطہ کمیٹی

کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کراچی میں تین نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اخباری اطلاعات کے مطابق پیرکوگڈاپ سٹی تھانہ کی حدودمیں سپرہائی وے پر انصاری پل کے قریب تین تشددزدہ لاشیں ملی تھیں جنہیں سرپرگولیاں مارکرہلاک کیا گیاتھا، تینوں نوجوانوں کے ہاتھ اورپیربندھے ہوئے تھے جس سے یہ معلوم ہوتاہے کہ ان نوجوانوں کو وہاں زندہ حالت میں لایاگیا اوربعد میں انتہائی قریب سے سر میں گولی مارکرہلاک کردیاگیا۔ ان کے نام جاوید ولد دوست محمد،نعمان علی ولدطالب علی اورسلیم ہیں اوران کاتعلق قصبہ کالونی سے تھا۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جاویداورنعمان علی کوچندروزقبل گرفتارکیاگیاتھا، ان کی گرفتاری کی خبریں اخبارات میں شائع ہوئی تھیں جبکہ نعمان علی کی گرفتاری پر ان کے اہل خانہ نے سندھ ہائیکورٹ میں پٹیشن بھی دائر کی تھی، ماورائے عدالت قتل کے اس لرزہ خیز واقعہ نے 90 کی دہائی کے ان بھیانک واقعات کی تلخ یادیں تازہ کردی ہیں جن میں ہزاروں مہاجرنوجوانوں کوبے رحمی سے ماورائے عدالت قتل کردیاگیاتھا اورآج تک ان واقعات کے ذمہ دارکسی ایک بھی مجرم کوسزادیناتودرکنار گرفتارتک نہیں کیاگیاہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ اس لرزہ خیزواقعہ نے ایم کیوایم کے تمام لاپتہ کارکنوں اورہمدردوں کے اہل خانہ کی نیندیں اڑادی ہیں جن کے بچوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتارکیاہے اورجن میں سے درجنوں آج کئی ماہ گزرجانے کے باوجود لاپتہ ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی سے پرزوراپیل کی کہ وہ ماورائے عدالت قتل کے اس لرزہ خیزواقعہ کافوری ازخود نوٹس لیں اوراپنی نگرانی میں اس واقعہ کی تحقیقات کروائیں۔رابطہ کمیٹی نے صدرممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف ، وزیرداخلہ چوہدری نثار اور حقوق انسانی کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیاکہ وہ کراچی میں آئین وقانون کی پامالی اور ماورائے عدالت کے اس سفاکانہ واقعہ کی فوری تحقیقات کرائیں ۔

مزید خبریں :