26 دسمبر ، 2013
اسلام آباد… سپریم کورٹ نے بلوچستان لاپتہ افراد کیس میں آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد کے خلاف توہین عدالت کا نوٹس واپس لے لیا۔سپریم کورٹ میں بلوچستان لاپتہ افراد کیس کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد عدالت میں پیش ہو گئے، جسٹس اعجاز افضل نے آئی جی ایف کے وکیل عرفان قادر سے استفسار کیا کہ ایف سی پر الزام ہے کہ اس نے لوگوں کو غائب کیا، اس حوالے سے ایف سی نے کیا اقدامات کئے۔ عرفان قادر نے عدالت کو بتایا کہ ہم تمام لاپتہ افراد سے متعلق تحریری جواب عدالت میں جمع کرائیں گے۔آئی جی ایف سی اعجاز شاہد کا عدالت میں کہنا تھا کہ کوہ خان کا نام لاپتہ افراد میں شامل تھا جو پولیس نے کوئٹہ سے بر آمد کر لیا ہے، ایف سی کے 6 اہلکاروں پر اسے اغوا کرنے کا الزام تھا۔ پولیس کے ہاتھوں بازیاب ہونے کے بعد یہ تاثر غلط ثابت ہو گیا ہے کہ ایف سی بندوں کو اٹھاتی ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ جو بھی بتانا ہیوہ رپورٹ کی صورت میں عدالت کو پیش کیا جائے۔ عدالت نے آئی جی ایف سی کے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے پر توہین عدالت کو نوٹس واپس لیتے ہوئے کیس کی سماعت 15 جنوری تک ملتوی کر دی۔