28 دسمبر ، 2013
لاہور…پاک بھارت سرحدی محافظوں کا5روزہ اجلاس رینجرز ہیڈ کوارٹر لاہور میں ختم ہوگیا ،اجلاس میں ڈی جی ایم اوز کی میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی جی رینجرز پنجاب طاہر جاوید خان نے بتایاکہ اجلاس میں مثبت انداز میں بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جبکہ تنازعات حل کرنے اور سرحد پر غیر قانونی تعمیرات نہ کرنے پربھی اتفاق کیاگیا۔اجلاس میں طے پایاکہ اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے خفیہ معلومات کا فوری تبادلہ کیا جائے گا، ورکنگ باوٴنڈری اور انٹرنیشنل بارڈر پر امن و امان کی صورت حال بہتر رکھنے کیلئے فلیگ میٹنگ جاری رکھی جائے گی،پاک بھارت کور ایشوز حل کرنے کیلئے امن کوششوں اور باہمی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ بھارتی سرحدی محافظوں کا13رکنی وفد5دن پہلے ڈی جی بی ایس ایف سبھاش جوشی کی قیادت میں واہگہ کے راستے پاکستان پہنچاتھا،بھارتی وفد کی پاکستان رینجرزکیساتھ کئی اہم میٹنگزہوئی تھیں۔