29 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں مطالبات کی منظوری کیلئے نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ہڑتال جاری ہے اور اس دوران این آئی سی ایچ میں زیر علاج دو بچے انتقال کر گئے۔ پروینشل نرسنگ ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ احتجاج جاری ہے تاہم شہر کی موجودہ صورتحال اور مریضوں کی سہولت کیلئے تمام اسپتالوں کی ایمرجنسی میں معمول کے مطابق عملہ موجود ہے۔ڈائریکٹر ادارہ برائے صحت اطفال ڈاکٹر جمال رضا کے مطابق نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا مطالبات کے حق میں احتجاج جاری ہے جمال رضا کا کہناہے کہ ملازمین ہڑتال پر ہیں جس کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے وارڈ میں زیر علاج ایک بچی زینب انتقال کرگئی اور کچھ دیر بعد ایک بچہ بھی چل بسا۔ڈاکٹر جمال رضا نے بتایا کہ انتقال کرنے والی بچی کی حالت ٹھیک نہیں تھی۔سکھر سے تعلق رکھنے والی چھ ماہ کی بچی زینب دل کے عارضے میں مبتلہ تھی اور دو روز قبل اسپتال لائیگئی تھی۔ادھر پروینشیل نرسنگ ایسوسی ایشن کا تنخواہوں میں اضافے کے مطالبے پرکراچی پریس کلب کے باہر احتجاج جاری ہے۔صدر کراچی ڈویڑن اعجاز علی کلہری کا کہنا ہے کہ حکومت سے کوئی حل طلب بات نہیں ہوسکی۔نرسز کا احتجاج کمیٹیوں کے قیام پر نہیں سمری پر دستخط کے بعد ختم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہڑتال ضرور کی جارہی ہے لیکن جناح اسپتال،سول اسپتال اور این آئی سی ایچ سمیت دیگر سرکاری اسپتالوں کی ایمر جنسی میں کام جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ نرسوں کو احساس ہے کہ شہر کی کشیدہ صورتحال اور مریضوں کی فوری ٹریٹمنٹ کیلئے ایمر جنسی بند نہیں کی جاسکتی۔