29 مارچ ، 2012
اسلام آباد … سندھ میں گرمی کی شدت برقرار ہے جبکہ پنجاب کے وسطی اور بالائی علاقوں میں بھی موسم بتدریج گرم ہو رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مٹھی، لسبیلا، تربت، دادو اور چھور میں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ حیدر آباد میں درجہ حرارت 38، میرپور خاص اور نوابشاہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کراچی میں 36 ڈگری رہا۔ گوادر، رحیم یار خان اور بہاولپور میں درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور اور پشاور میں 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ اسلام آبادمیں 31 ڈگری سینٹی گریڈ، کوئٹہ 27 ، گلگت میں 25 اور مری میں درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دوسری جانب ضلع مانسہرہ میں موسم صاف ہوتے ہی سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام شروع ہو گیا ہے اور ڈھائی ماہ سے بند شاہراہ کاغان کو راجوال تک ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں برفباری رکتے ہی شاہراہ کاغان پر سے برف ہٹانے کاکام شروع کیا گیا اور کاغان شہر تک سڑک صاف ہو جانے کے بعد مشینیں ناران شہر سے صرف 9 کلو میٹر دور ہیں اور اگر موسم صاف رہا تو سیاحوں کیلئے اگلے 15د ن تک ناران شہر پہنچنا ممکن ہو جائے گا۔