07 جنوری ، 2014
کراچی…تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان نے کہا ہے کراچی والوں نے مل کر خوف کے بت کو توڑ دیا ہے، شہری خودکو تنہانہ سمجھیں، باقاعدگی سے آیا کروں گا۔ عمران خان کراچی میں پی ٹی آئی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ تحریک انصاف کے چےئرمین نے مزید کہا کہ ہمارے بلدیاتی امیدواروں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، تحریک انصاف کے کارکن ڈرنے والے نہیں۔کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ این آر او ون، میں نواز شریف کو باہر بھجوایا گیا اور این آر او ٹو میں آصف زرداری کو استثنیٰ دیا گیا اور اب لگتا ہے تیسرے این آر او میں پرویز مشرف کو باہر بھیجا جائے گا، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ انہیں مشرف صاحب کی طبیعت سے متعلق نہیں معلوم، انہیں عدالت میں پیش ہونا چاہئے اور انصاف ہونا چاہئے۔ بلدیاتی انتخابات سے متعلق عمران خان کا کہناتھا دھاندلی والے انتخابات کرانے سے بہتر ہے کہ ان میں تاخیر کردی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 11مئی کے انتخابات میں تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی، اب بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کو عوام برداشت نہیں کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قاتل گرفتار ہوچکے ہیں، دیکھتے ہیں ان کے نام کب سامنے لائے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ون اور سندھ ٹو کی بات دھوم ون اور دھوم ٹو کی طرح ہے۔