09 جنوری ، 2014
لاہور…ایک نجی ٹی وی کے اینکر نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ جنگ اور جیو گروپ کی انتظامیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ٹی وی اینکر کو ٹیلی فون پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ عدالت نے دونوں فریقوں کے دلائل تفصیل سے سنے۔ اینکر کے پاس اپنی درخواست میں لگائے گئے الزام کا ثبوت نہ ہونے پر معزز عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ٹی وی اینکر اپنی درخواست میں دھمکی کا وقت اور دن بتانے سے بھی قاصر رہے، جبکہ درخواست گزار کے خلاف ایک ایف آئی آر درج ہے جس کا وہ دفاع کر رہے ہیں۔ نجی ٹی کے یہ اینکر پہلے تھانے گئے تھے مگر تھانے والوں نے اپنے سوالات کے جواب نہ ملنے اور مطمئن نہ کرنے پر ان کی ایف آئی آردرج کرنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد نجی ٹی وی کے اس اینکر نے عدالت سے رجوع کیا۔جنگ کے وکیل سے تبصرے کیلئے کہاگیا تو ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ آپ دیکھیں گے ہمیں مزید کتنی کا میابیاں ملتی ہیں ، یہ پاکستانی عدالتوں میں ہماری پہلی کامیابی ہے۔ اس ٹی وی اینکر کو برطانیہ میں مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا، وہاں کے تیزرفتار عدالتی نظام سے الگ سزائیں ملیں گی اور ہمیں مزید کامیابیاں ملیں گی۔