13 جنوری ، 2014
کراچی…ملک بھر میں جشنِ عید میلاد النبی کی تیاریاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں،گلیاں کوچے سبز جھنڈیوں سے سج چکے ہیں، جیو ٹی وی پر ناظرین کیلئے خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جو رات 9 بجے سے صبح تک ”جشن صبح بہاراں“ منعقد ہوگا،جہاں ڈاکٹر عامر لیاقت خصوصی خطاب کریں گے۔عید میلاد النبی کو بھرپور انداز میں منانے کے سلسلے میں جیو نیٹ ورک نے”جشن صبح بہاراں“کے عنوان سے فقید المثال اجتماع کا انعقادکیاہے، کراچی کے علاقے کلفٹن میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزارکے احاطے سے پیش کیے جانے والے اس روح پروراجتماع کی نشریات کے دوران ہزاروں حاضرین اور دنیابھر میں بسنے والے کروڑوں ناظرین انوار و تجلیات سے معمور لمحات، سرکار دوعالم کے ذکر اور ثناء میں گزاریں گے،اس اجتماع سے عالمگیر شہرت یافتہ ریسرچ اسکالرڈاکٹر عامرلیاقت حسین خصوصی خطاب کریں گے۔ عالم اسلام کے معروف ثناء خواں اس موقع پربارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کریں گے ، ملک کی معروف روحانی شخصیت مولانا بشیر فاروقی قادری کی خصوصی دعا اور درودوسلام کے نذرانوں پر اس روح پرور اجتماع کا اختتام ہوگا۔