15 جنوری ، 2014
لندن… برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے 1984 میں امرتسر میں سکھوں کی عبادت گاہ گولڈن ٹیمپل پر بھارتی فوج کے حملے کی منصوبہ بندی میں برطانوی اسپیشل فورسزکی معاونت کی اطلاعات پرتحقیقات کا حکم دیدیا ہے۔برطانوی رکنِ پارلیمان ٹام واٹسن نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ 30 سال کا عرصہ گزرنے کے بعد حال ہی میں منکشف ہونے والی دستاویزات ان کے دعوے کی تائید کرتی ہیں کہ برطانیہ نے اس آپریشن میں بھارت کی مدد کی تھی۔نشریاتی ادارے کے مطابق گولڈن ٹیمپل پر حملے کا مقصد علیحدگی پسند سکھوں کو وہاں سے باہر نکالنا تھا۔بھارتی فوج کے ”آپریشن بلیو اسٹار“ میں علیحدگی پسند سکھوں کے سربراہ جرنیل سنگھ بِھنڈراں والے سمیت سینکڑوں لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔برطانوی رکن پارلیمان ٹام واٹسن نے بی بی سی کو بتایا کہ انتہائی خفیہ دستاویزات کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم مارگریٹ تھیچر نے برطانیہ کی اسپیشل ایئر سروسز (ایس اے ایس) کو گولڈن ٹیمپل آپریشن میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی مدد کی منظوری دی تھی۔