15 جنوری ، 2014
سڈنی…پاکستانی ٹینس اسٹاراعصام الحق نے مکسڈ ڈبلز مقابلوں کیلئے اپنی پارٹنر تبدیل کرلی ہے۔ آسٹریلن اوپن میں وہ نئی پارٹنر کے ساتھ کورٹس میں اتریں گے۔ڈبلز ایونٹ میں اعصام اور روہن بوپننا کل صبح ایکشن میں نظر آئیں گے۔ پاکستان کے اعصام الحق نے گزشتہ سال زمبابوے کی کارا بلیک کے ساتھ مکسڈ ڈبلز میں شراکت داری بنائی تھی لیکن یہ شراکت زیادہ نہ چل سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کارا بلیک ویمنز ڈبلز پر زیادہ فوکس رکھنا چاہتی تھیں جس کی وجہ سے مکسڈ ڈبلز کے میچز متاثر ہوتے تھے۔ اعصام الحق اب آسٹریلین اوپن میں جرمنی کی جولیا گرگیس کے ساتھ مکسڈ ڈبلز کھیلیں گے۔دوسری جانب مینز ڈبلز میں اعصام الحق اور روہن بوپننا کی جوڑی پہلے راوٴنڈ میں آسٹریلیا کے رمیز جنید اور فرانس کے ایڈرین منارینو کی جوڑی سے مقابلہ کریں گے۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق کل صبح چھ بجے شروع ہوگا۔