17 جنوری ، 2014
اسلام آباد… اسلام آباد ہائی کورٹ میں غیر قانونی تقرریوں کے خلاف درخواست سپریم کورٹ نے باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی ، اٹارنی جنرل کو جواب داخل کرانے کے لئے نوٹس جاری کر دیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں خلاف ضابطہ تقرریوں کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی، درخواست گزارکے وکیل عارف چوہدری نے عدالت سے درخواست کی کہ غیر قانونی تقرریوں ، ترقیوں اور آڈٹ رپورٹ میں کئی گھپلوں کی نشاندہی پراسلام آباد ہائی کورٹ جواب طلب کیا جائے۔ جسٹس ناصر الملک کے استفسار پر ایڈوکیٹ عارف چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اس کیس میں فریق ہے،اس لیے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی۔ انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ انور کاسی کے بھائی ادریس کاسی کو خلاف ضابطہ ترقی دے کر گریڈ 19 میں ڈپٹی رجسٹرار مقرر کیا گیا، جبکہ نئی بھرتیوں اور ترقیوں کا عمل بھی شفاف نہیں۔